ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / شیموگہ ڈسٹرکٹ جیل سے بنگلہ دیشی قیدی فرار۔۔جیل عملے کے 4افسران معطل

شیموگہ ڈسٹرکٹ جیل سے بنگلہ دیشی قیدی فرار۔۔جیل عملے کے 4افسران معطل

Wed, 24 May 2017 17:40:05  SO Admin   S.O. News Service

شیموگہ 23؍مئی (ایس او نیوز)ایک بنگلہ دیشی قیدی جیل سے فرارہوجانے کی پاداش میں شیموگہ ڈسٹرکٹ جیل کے چار افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ ماری گوڈا کے بیان کے مطابق جیل کے چیف وارڈرس جی ایم مہیش اور اے ایس کوٹکر کے علاوہ ہیڈ وارڈرس آر ایک پاٹل اور نندیش کو اپنے فرائض ادا کرنے میں کوتاہی اور غفلت برتنے کے لئے معطل کردیا گیا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ۱۵ ؍اپریل کو بھدراوتی اولڈ ٹاون پولیس نے حسین نامی بنگلہ دیشی شہری کوریلوے اسٹیشن کے قریب سے اس لئے گرفتار کیا تھا کہ اس کے پاس ویزا یا دیگرسفری دستاویزات موجود نہیں تھے جو کہ ایک غیر ملکی کے لئے ضروری ہیں۔ اس کے بعد حسین کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ 20مئی کو اسے دوبارہ عدالت میں پیشی کے بعد واپس جیل لایا گیاتھا۔ مگر 22مئی کو حسین جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 
گمان کیا جاتا ہے کہ حسین نے عملہ کی شفٹ تبدیل ہونے کے موقع پر مین گیٹ سے ہی فرار کی راہ اختیار کی ہوگی، کیونکہ جیل کے اندر سے دیوار پھلانگ کر باہر نکل جانے کے آثار ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں۔جیانگر پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں کیس رجسٹر کیا گیا ہے۔


Share: